فیلڈ مارشل کی ایرانی وزیرخارجہ سے ملاقات، امن کوششوں پر تبادلہ خیال

image

تہران میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے اہم ملاقات کی جس میں دیگر ایرانی حکام نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں پاکستان کی جانب سے حالیہ مذاکرات کی شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایران آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے خوشی کا اظہار بھی کیا۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ایران اور پاکستان کا عزم مشترکہ اور مضبوط ہے اور دونوں ممالک اس مقصد کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔

ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے تناظر میں پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد اس وقت تہران میں موجود ہے جہاں مختلف سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر خارجہ اور دیگر حکام نے پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی کوششیں تیز ہو رہی ہیں، اور پاکستان اس عمل میں اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔

دوسری جانب جدہ میں وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک سعودی تعلقات کے فروغ اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،سعودی ولی عہد نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششیں خطے میں امن کے لیے اہم ثابت ہو رہی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US