ایران کے آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے یومِ فوج (آرمی ڈے) کے موقع پر قوم اور مسلح افواج کے نام ایک اہم پیغام جاری کیا ہے۔
اپنے خصوصی بیان میں ایرانی آرمی چیف نے ملکی دفاع کے حوالے سے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی فوج وطن کی سرحدوں کی حفاظت اور اسلامی انقلاب کے مقاصد کی تکمیل کے لیے ہر دم تیار ہے۔
میجر جنرل امیر حاتمی نے دشمن کی جانب سے کسی بھی ممکنہ مہم جوئی یا خطرے کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ فوج کے جوان اور افسران ملک کی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایرانی فوج اپنے اس مقدس عہد پر قائم ہے جو اس نے قوم اور قیادت سے کر رکھا ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم اپنی سرزمین کے تحفظ اور دفاع کے لیے آخری سانس تک اپنے عہد پر قائم رہیں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے اس موقع پر ایرانی فوج کی جنگی تیاریوں اور دفاعی ٹیکنالوجی میں خود کفالت کا بھی ذکر کیا جو دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے کافی ہے۔