ایران نے نئی جنگ کے سنگین عالمی اثرات سے خبردار کردیا

image

ایران نے ایک بار پھر سخت ردعمل کا اشارہ دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی نئی جنگ کے سنگین عالمی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

ایرانی فوج کے بریگیڈئیر جنرل محمد رضا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگر ایران پر مسلط جنگ دوبارہ شروع کی گئی تو یہ تنازع عالمی جنگ کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کی میزائل صلاحیت کو کسی بھی صورت محدود نہیں کرسکتا۔

بریگیڈئیر جنرل محمد رضا نے امریکا کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور حالیہ تیار کیے گئے میزائل اس کا واضح ثبوت ہیں۔

یاد رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں شدید اضافہ ہوا تھا۔ ایران نے بھی جوابی کارروائیاں کیں، جس کے نتیجے میں دونوں فریقین کے درمیان تقریباً 40 روز تک جھڑپیں جاری رہیں۔

بعدازاں پاکستان کی سفارتی کوششوں کے باعث فریقین دو ہفتوں کی جنگ بندی پر آمادہ ہوئے، جبکہ 11 اپریل کو اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات بھی منعقد ہوئے، جن کا مقصد کشیدگی میں کمی لانا تھا۔

امریکا کے مطالبات غیر حقیقی، آبنائے ہرمز سے متعلق ایران کا سخت موقف

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ڈپٹی وزیر نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مختلف پیغامات کا تبادلہ ضرور ہوا ہے، تاہم واشنگٹن کے مطالبات غیر معمولی حد تک بڑھ چکے ہیں۔

ڈپٹی ایرانی وزیر خارجہ سعید خطیب نے کہا کہ دونوں ممالک اس مرحلے تک نہیں پہنچ سکے جہاں باقاعدہ مذاکرات کا آغاز کیا جا سکے۔ ان کے مطابق، کسی بھی قسم کے باضابطہ مذاکرات کے لیے پہلے ایک مشترکہ فریم ورک پر اتفاق ضروری ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ایران صرف اسی صورت کسی معاہدے پر آمادہ ہوگا جب عالمی قوانین کے تحت اس کے تمام حقوق کو تسلیم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے لیے ایک اور ایران کے لیے دوسرا قانون قابل قبول نہیں

مزید برآں ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز سے متعلق بیانات بے معنی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال میں آبنائے ہرمز بند رہے گی اور یہ فیصلہ اس وقت تک برقرار رہے گا جب تک مبینہ ناکہ بندی ختم نہیں کی جاتی۔

پاسدارانِ انقلاب نے مزید کہا کہ خلیج فارس اور بحیرہ عمان میں کسی بھی غیر معمولی نقل و حرکت کو حساس سمجھا جائے گا، جبکہ آبنائے ہرمز کے قریب سرگرمیوں کو دشمنی کے مترادف قرار دیا جائے گا۔

بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر کسی غیر ملکی جہاز نے مشکوک سرگرمی کی تو اسے نشانہ بنایا جا سکتا ہے، اور تمام بحری جہازوں کو پاسدارانِ انقلاب کی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US