مذاکرات منگل کو ہوں گے، معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں ٹرمپ کی ایران کو بڑی دھمکی

image

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات منگل کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہوں گے۔

اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ مذاکراتی عمل میں امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شرکت کریں گے، تاہم اس بار نائب صدر جے ڈی وینز ان مذاکرات کا حصہ نہیں ہوں گے۔

صدر ٹرمپ نے ایران کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب مزید نرمی نہیں برتی جائے گی اور اگر معاہدہ نہ ہوا تو امریکا ایسا اقدام کرے گا جو گزشتہ 47 برسوں میں کبھی نہیں کیا گیا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں ایران کے اہم انفراسٹرکچر، بشمول بجلی گھروں اور پلوں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے اور ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کو ایک منصفانہ اور قابلِ قبول پیشکش دے رہا ہے اور چاہتا ہے کہ یہ تنازع دوستانہ طریقے سے حل ہو، لیکن پیشکش قبول نہ کرنے کی صورت میں سخت راستہ اختیار کیا جائے گا۔

آبنائے ہرمز کی بندش کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ اس اقدام سے امریکا کو کوئی نقصان نہیں ہو رہا بلکہ ایران کو خود بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کشیدگی میں اضافے کا ذمہ دار ایرانی پاسدارانِ انقلاب کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اب ان کی مبینہ کارروائیوں کے خاتمے کا وقت آگیا ہے۔

اسلام آباد میں ہونے والے ان ممکنہ مذاکرات کو عالمی سطح پر انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US