واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر صدارت وائٹ ہاؤس کے سچویشن روم میں ایران کی تازہ صورتحال پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اعلیٰ امریکی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں نائب صدر جے ڈی وینس بھی شریک تھے، جنہوں نے حالیہ اسلام آباد مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ممکنہ مذاکرات میں بھی انہی کی قیادت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال اور ایران کے ساتھ جاری سفارتی رابطوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران صدر ٹرمپ نے کم از کم ایک مرتبہ پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایرانی حکام سے ٹیلیفونک رابطہ بھی کیا۔
یہ اجلاس ایسے وقت میں ہوا جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی 15 روزہ مدت ختم ہونے میں صرف تین روز باقی ہیں۔ صدر ٹرمپ پہلے ہی عندیہ دے چکے ہیں کہ اسی ہفتے کسی ممکنہ معاہدے کی توقع ہے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان نئے مذاکرات کی تاریخ تاحال طے نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے سچویشن روم کے اس اہم اجلاس کے حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔