ٹرمپ کا ایران سے متعلق سخت مؤقف، جنگ بندی میں توسیع سے انکار

image

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے حوالے سے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کریں گے، تاہم جنگ بندی میں مزید توسیع کا ارادہ بھی نہیں رکھتے۔

امریکی نشریاتی ادارے CNBC کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران نے متعدد بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، جس کے باعث صورت حال مزید پیچیدہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا اس وقت مذاکرات کے لیے ایک مضبوط اور بہتر پوزیشن میں ہے اور ایران کے ساتھ معاملہ مؤثر انداز میں نمٹایا جا رہا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ نے ایران پر جو پابندیاں عائد کیں، وہ نہایت کامیاب ثابت ہوئیں اور انہی کے باعث ایران پر دباؤ بڑھا۔ ان کے مطابق ایران کے پاس اب کسی بڑے معاہدے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا۔

انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ وہ ایران میں "رجیم چینج" چاہتے ہیں، کہتے ہیں کہ ان کا مقصد صرف ایک مضبوط اور کامیاب ڈیل کے ذریعے تنازع کا خاتمہ ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہر صورت میں جاری مذاکرات کامیاب ہوں تاکہ خطے میں استحکام پیدا ہوسکے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں توقع تھی کہ ممکنہ حملوں کے بعد تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا، تاہم ایسا نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی کی مدت ختم ہونے میں اب بہت کم وقت باقی ہے اور وہ اس میں مزید توسیع کے حق میں نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے وینزویلا پر 45 منٹ میں قبضہ کرلیا تھا میں ہوتا تو عراق جنگ میں بھی فوری کامیابی حاصل کرلیتا میں اس وقت ہوتا تو ویتنام حاصل کرلیتا، ایرانی نیو کلیئر ڈسٹ تک نہیں پہنچ سکتے ہم نے ان کی جوہری صلاحیت ختم کردی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق صدر ٹرمپ کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان تعلقات بدستور کشیدہ ہیں اور کسی بھی ممکنہ پیش رفت کو خطے کی صورتحال کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US