اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان اہم مذاکرات کے لیے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، جبکہ غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی وفد اسلام آباد پہنچ چکا ہے، جبکہ اس کے چار خصوصی طیارے گزشتہ روز نور خان ایئر بیس پر لینڈ کر چکے ہیں۔ ان طیاروں کے ساتھ جدید سیکیورٹی آلات اور پروٹوکول کے لیے مخصوص گاڑیاں بھی پاکستان لائی گئی ہیں۔
دوسری جانب ایرانی وفد کی آمد متوقع ہے، جو ممکنہ طور پر آج رات کسی بھی وقت اسلام آباد پہنچ سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی وفد کو لانے کے لیے پاکستان ایئر فورس کے چھ طیارے روانہ کیے جائیں گے، جو وفد کو مکمل سیکیورٹی حصار میں پاکستان منتقل کریں گے۔
سیکیورٹی کے پیش نظر جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک بھر میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کی فضائی حدود کو بھی مکمل طور پر مانیٹر کیا جا رہا ہے، جبکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پاک فضائیہ، بری اور بحری افواج سمیت تمام سیکیورٹی ادارے الرٹ ہیں۔
حساس ادارے اس اہم سفارتی ایونٹ کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے متحرک ہیں، تاکہ مذاکرات پرامن اور کامیابی سے منعقد ہوسکیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ایرانی وفد کل ہونے والے اہم مذاکرات میں شرکت کرے گا، جو خطے کی صورتحال کے حوالے سے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔