ٹرمپ نے شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی درخواست پر ایران جنگ بندی میں توسیع کردی

image

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر ایران کے خلاف ممکنہ حملے روکنے اور جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی قیادت نے ایران پر حملے سے گریز کی درخواست کی جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ ان کے مطابق جنگ بندی اس وقت تک برقرار رکھی جائے گی جب تک ایران کی جانب سے متفقہ تجاویز سامنے نہیں آ جاتیں اور مذاکراتی عمل مکمل نہیں ہو جاتا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی افواج کو ہدایت دی ہے کہ وہ ناکہ بندی جاری رکھیں اور ہر قسم کی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔

دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے مشیر مہدی محمدی نے اس اعلان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی میں توسیع کی کوئی حیثیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف جاری ناکہ بندی دراصل بمباری کے مترادف ہے اور اس کا جواب فوجی کارروائی کی صورت میں دیا جانا چاہیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US