ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں ایرانی کشتیوں پر حملوں کا حکم دے دیا

image

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی کا عمل جاری ہے اور اس سلسلے میں امریکی بحریہ متحرک ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ X (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی مائن سویپرز اس وقت آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کو صاف کرنے میں مصروف ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ جو بھی کشتی بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کرے گی، اسے فوری طور پر تباہ کر دیا جائے گا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق انہوں نے آبنائے ہرمز میں ایرانی کشتیوں پر حملوں کا حکم بھی دے دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی کشتیاں اس اہم گزرگاہ میں بارودی سرنگیں بچھا رہی ہیں، جس کے جواب میں اب تک ایران کے 159 بحری جہازوں کو سمندر میں غرق کیا جا چکا ہے۔

تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ ایران کی جانب سے اس بیان پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

قبل ازیں امریکی محکمہ جنگ (پینٹاگون) نے کہا ہے کہ امریکی افواج نے بحرِ ہند میں ایک ایسے جہاز کے خلاف کارروائی کی ہے جو مبینہ طور پر ایران کی معاونت کر رہا تھا۔

پینٹاگون کی جانب سے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم X (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ رات امریکی افواج نے بغیر رجسٹری اور پابندیوں کا شکار آئل ٹینکر M/T Majestic X کے خلاف آپریشن کیا۔ بیان کے مطابق یہ جہاز ایرانی تیل لے جا رہا تھا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی بین الاقوامی پابندیوں کے نفاذ کے سلسلے میں کی گئی، تاہم اس آپریشن کی مزید تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔

دوسری جانب ایران کی طرف سے اس واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US