واشنگٹن میں سالانہ عشائیے کے دوران فائرنگ، صدر ٹرمپ محفوظ، حملہ آور گرفتار

image

واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے میڈیا نمائندوں کے اعزاز میں منعقدہ سالانہ عشائیے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول سمیت تمام اعلیٰ حکام محفوظ رہے۔

واشنگٹن ہلٹن ہوٹل میں جاری تقریب کے دوران اس وقت افراتفری پھیل گئی جب ایک مسلح شخص نے سیکیورٹی حصار توڑنے کی کوشش کی اور چار سے چھ گولیاں چلائیں۔ سیکرٹ سروس کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صدر ٹرمپ اور کابینہ ارکان، بشمول جے ڈی وینس اور پیٹ ہیگستھ کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کیا اور عمارت کو خالی کرالیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے مطابق گرفتار کیا گیا 31 سالہ مشتبہ حملہ آور ریاست کیلیفورنیا کا رہائشی ہے جو ممکنہ طور پر اسی ہوٹل میں مقیم تھا۔ ملزم کے قبضے سے شاٹ گن، پستول اور چاقو برآمد ہوئے ہیں۔ کارروائی کے دوران سیکرٹ سروس کا ایک اہلکار گولی لگنے سے زخمی ہوا، تاہم بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے اس کی جان بچ گئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور اکیلا تھا اور اسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں سے اسے پیر کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ملزم پر فیڈرل اہلکار پر حملے اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 'ٹروتھ سوشل' پر جاری اپنے بیان میں سیکرٹ سروس کی پیشہ ورانہ مہارت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ حملہ آور تقریباً 15 گز کے فاصلے پر تھا، لیکن سیکیورٹی اداروں نے اسے فوری قابو کر کے بڑے جانی نقصان سے بچا لیا۔ انہوں نے اس حملے کا کسی بھی بین الاقوامی تنازع یا ایران کی موجودہ صورتحال سے تعلق ہونے کی تردید کی ہے۔

حکام نے ملزم کے محرکات جاننے کے لیے کیلیفورنیا میں اس کی رہائش گاہ کی تلاشی شروع کردی ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US