جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ میں افغان طالبان کی جانب سے مبینہ طور پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 29 اپریل کو افغان طالبان کی جانب سے انگور اڈہ سے ملحقہ سرحدی علاقے میں مارٹر گولہ فائر کیا گیا، جو شہری کریم خان اور رحمت اللہ کے گھروں پر گرا۔ واقعے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
میڈیکل آفیسر ڈاکٹر اشفاق کے مطابق مقامی اسپتال میں 3 بچوں سمیت 5 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر نے بتایا کہ گولہ باری کے نتیجے میں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا اور مجموعی طور پر بچوں اور خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہوئے۔ ان کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈی آئی خان اور پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق علاقے میں صورتحال کی نگرانی جاری ہے جبکہ نقصان اور متاثرہ خاندانوں سے متعلق مزید تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔