کوئٹہ: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ناکام ہوں گی۔ مسلح افواج عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور پاکستان کی ترقی و عروج کو جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی سے روکا نہیں جاسکتا۔
دشمن قوتیں ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کے باعث بالآخر شکست سے دوچار ہوں گی، کیونکہ پائیدار ترقی، عوام دوست حکمتِ عملی اور بہتر طرزِ حکمرانی کے ساتھ مؤثر سیکیورٹی اقدامات سے مشروط ہے۔ طویل المدتی ترقی عوامی فلاح پر مبنی حکمتِ عملی اور بہتر طرزِ حکمرانی کے بغیر ممکن نہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں زیرِ تربیت افسران اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کیا۔ انہوں نے اسٹاف کالج کے اعلیٰ تربیتی معیار، استعداد اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز، تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی اور مستقبل کے جنگی چیلنجز سے باخبر رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے جدید جنگ کے تیزی سے بدلتے ہوئے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ اس کالج کے فارغ التحصیل افسران اپنی غیرمعمولی کارکردگی اور پیشہ ورانہ لگن کے باعث ہمیشہ نمایاں رہے ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کا مؤثر جواب دینے کے لیے اپنی اور اپنے جوانوں کی مسلسل تربیت یقینی بنائیں اور پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور آپریشنل برتری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔
اپنے دورے کے دوران انہوں نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے صوبے میں امن، استحکام اور ریاستی رٹ برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بلوچستان حکومت کی سماجی و معاشی بہتری اور ریاست و عوام کے درمیان تعلق مضبوط بنانے کی کوششوں کو بھی سراہا اور صوبے میں پائیدار امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔