سعودی عرب میں مناسک حج کا آغاز ہوگیا ہے جہاں دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین حج منیٰ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ خیموں کے شہر منیٰ میں حجاج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور یہ عمل آج دوپہر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
عازمین حج منیٰ میں قیام کے بعد منگل 9 ذی الحج کو حج کے رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ کے لیے عرفات روانہ ہوں گے۔
سعودی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ حج کے ایام میں مکہ مکرمہ اور اطراف میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے، درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ نمی کی شرح 40 فیصد تک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گرد آلود ہوائیں بھی چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سعودی حکام نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں، دھوپ سے بچاؤ اختیار کریں اور حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
حکام کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ مقدس مقامات پر سایہ دار جگہوں، کولنگ سسٹمز اور طبی سہولیات میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے تاکہ حجاج کو بہتر سہولت فراہم کی جاسکے۔