اسرائیل کا ایران جنگ کے دوران آذربائیجان میں خفیہ اڈے استعمال کرنے کا انکشاف

image

امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے دوران اسرائیل نے آذربائیجان سمیت مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک میں خفیہ فوجی اور انٹیلیجنس اڈوں کا ایک وسیع نیٹ ورک استعمال کیا۔

امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی ایلیٹ فورسز، کمانڈو یونٹس اور موساد کے اہلکار شمالی ایران پر نظر رکھنے، انٹیلی جنس معلومات جمع کرنے اور ڈرون آپریشنز کے لیے آذربائیجان کے جنوبی علاقوں میں ایرانی شہر تبریز سے محض 60 میل دوری پر قائم خفیہ اڈوں سے آپریٹ کر رہے تھے۔ ان اڈوں سے ہونے والے آپریشنز میں 4 مارچ کو ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے انٹیلیجنس سربراہ رحمان مقدم کو نشانہ بنانا بھی شامل تھا، جس کے اگلے ہی روز آذربائیجان کے نخچیوان ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ ہوا۔

دوسری جانب امریکا میں آذربائیجان کے سفارت خانے نے ان دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ آذربائیجان کے علاوہ اسرائیل نے عراق، متحدہ عرب امارات اور صومالی لینڈ میں بھی خفیہ تنصیبات قائم کر رکھی تھیں، جن کا مقصد اسرائیلی فوج کی آپریشنل رسائی کو سیکڑوں میل تک بڑھا کر ایران کو تینوں اطراف سے گھیرنا تھا۔

عراق میں لاجسٹک اور سرچ اینڈ ریسکیو کے لیے دو خفیہ اڈے استعمال کیے گئے، صومالی لینڈ نے طویل فاصلے کی پروازوں کے لیے ہوائی اڈہ فراہم کیا، جبکہ متحدہ عرب امارات میں خاموشی سے آئرن ڈوم فضائی دفاعی نظام اور اس کا عملہ تعینات کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ابتدا میں ان مقامات کو صرف ہنگامی امدادی مراکز کے طور پر منصوبہ بند کیا گیا تھا، تاہم بعد میں انہیں باقاعدہ فوجی اور انٹیلیجنس مراکز میں تبدیل کردیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US