گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے جن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اب تک سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔
اتوار کو ہونے والی پولنگ کے دوران مختلف علاقوں میں ووٹرز کا بھرپور جوش و خروش دیکھنے میں آیا جہاں صبح سے ہی پولنگ اسٹیشنوں کے باہر ووٹرز کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ووٹنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔
اب تک 24 میں سے 18 نشستوں کے مکمل غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے، جبکہ 5 نشستیں آزاد امیدواروں، 3 مسلم لیگ (ن) اور ایک نشست مجلس وحدت مسلمین کے حصے میں آئی ہے۔
پیپلز پارٹی نے گلگت، نگر، اسکردو، کھرمنگ، شگر اور غذر کے مختلف حلقوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ مسلم لیگ (ن) نے دیامر، غذر اور گھانچے کے حلقوں میں میدان مارا۔ مجلس وحدت مسلمین نے اسکردو کے ایک حلقے میں کامیابی حاصل کی جبکہ آزاد امیدوار بھی کئی نشستوں پر نمایاں رہے۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق جی بی اے 1 گلگت 1 سے پیپلز پارٹی کے امجد حسین، جی بی اے 7 اسکردو 1 سے سید توقیر مہدی، جی بی اے 12 شگر سے عمران ندیم اور جی بی اے 19 غذر 1 سے سید جلال شاہ کامیاب قرار پائے۔
دوسری جانب چند حلقوں کے نتائج ابھی مکمل نہیں ہوئے جن میں جی بی اے 2، 13، 14، 15، 16 اور 17 شامل ہیں جہاں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کو واضح برتری حاصل ہے، تاہم حتمی سرکاری نتائج کے بعد ہی اسمبلی میں جماعتوں کی مکمل پوزیشن واضح ہو سکے گی۔