امریکی عدالت نے ایچ ون بی ویزا پر ایک لاکھ ڈالر فیس پالیسی غیرقانونی قرار دے دی

image

امریکا میں وفاقی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایچ ون بی (H-1B) ویزا درخواستوں پر ایک لاکھ ڈالر فیس عائد کرنے کی پالیسی کو غیرقانونی قرار دے دیا ہے۔

امریکی وفاقی ڈسٹرکٹ جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے کانگریس کی منظوری کے بغیر یہ اقدام کرکے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔ 42 صفحات پر مشتمل فیصلے میں جج نے قرار دیا کہ ایک لاکھ ڈالر کی یہ رقم دراصل ٹیکس کے مترادف ہے جبکہ انتظامیہ کو ایسا ٹیکس نافذ کرنے کا قانونی اختیار حاصل نہیں۔

کیلیفورنیا سمیت امریکا کی 20 ریاستوں نے صدر ٹرمپ کی جانب سے ستمبر میں اعلان کردہ اس پالیسی کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔ دوسری جانب محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے عدالتی فیصلے کو جوڈیشل ایکٹیوازم قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ ایچ ون بی ویزا پروگرام 1990 میں کانگریس نے متعارف کرایا تھا جس کے تحت امریکی کمپنیاں مختلف شعبوں کے غیرملکی ماہرین کو عارضی ملازمت کے لیے امریکا بلاتی ہیں۔ اس پروگرام کے تحت سالانہ 65 ہزار ویزے جبکہ اعلیٰ تعلیمی ڈگری رکھنے والے افراد کے لیے اضافی 20 ہزار ویزے جاری کیے جا سکتے ہیں۔ ماضی میں اس پروگرام کی فیس 1700 سے 4500 ڈالر کے درمیان تھی تاہم ٹرمپ انتظامیہ نے اسے بڑھا کر ایک لاکھ ڈالر کر دیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US