اسلام آباد میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پہلی مرتبہ خصوصی موبائل ایپ محفوظ محرم تیار کر لی گئی ہے، جس کے ذریعے شہری مشتبہ افراد اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دے سکیں گے۔
یہ بات وفاقی دارالحکومت میں محرم الحرام کے سیکیورٹی و انتظامی امور سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس میں بتائی گئی، جس کی صدارت وفاقی وزیر داخلہ نے کی۔
اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کو یقینی بنایا جائے اور تمام متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں۔ اہلکاروں کے لیے خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات کے بروقت انتظامات پر بھی زور دیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے علمائے کرام کے ساتھ قریبی رابطہ ضروری ہے، جبکہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور اشتعال انگیز مواد کے پھیلاؤ پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
اجلاس میں چیف کمشنر اسلام آباد اور انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کا سیکیورٹی آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے اور امن و نگہبان کمیٹیاں فعال کر دی گئی ہیں۔
بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ امام بارگاہوں اور جلوسوں کے تمام مقامات کی جیو ٹیکنگ مکمل کر لی گئی ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے تحت ڈرونز سے ڈیجیٹل نگرانی کی جائے گی۔ اس کے ساتھ لائیو لوکیشن اور امیج شیئرنگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔