خلیجی اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کے لیے مارکو روبیو ابوظبی پہنچ گئے

image

ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ معاہدے کے تناظر میں خلیجی اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کے لیے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی پہنچ گئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق مارکو روبیو اپنے دورے کے دوران خلیجی ممالک کو امریکا کی جانب سے سیکیورٹی سے متعلق یقین دہانیاں فراہم کریں گے اور خطے کی مجموعی صورتحال پر مشاورت کریں گے۔

ابوظبی پہنچنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے ایک بار پھر آبنائے ہرمز کی حیثیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بین الاقوامی آبی گزرگاہ ہے اور عالمی قوانین کے تحت کسی بھی ملک کو اس پر ٹول یا فیس عائد کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔

مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی آبی راستوں پر ٹیکس یا فیس کا نفاذ عالمی قانون کے منافی ہے اور خطے کے تمام ممالک اس معاملے پر امریکا کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہیں۔

انہوں نے ایران پر زور دیا کہ وہ انقلابی تحریک کے بجائے ایک ریاست کے طور پر کردار ادا کرے۔ ان کے بقول اگر ایران ریاستی طرز عمل اپنائے تو اس کے لیے ترقی اور تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، تاہم خطے میں ایرانی حمایت یافتہ گروہوں کی کارروائیوں کے باعث کشیدگی کے خاتمے میں رکاوٹیں برقرار ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے عراق سے ہونے والے میزائل اور ڈرون حملوں کو بھی علاقائی امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عراق میں سرگرم بعض مسلح گروہ دہشت گردی میں ملوث ہیں اور یہ معاملہ بھی امریکا اور ایران کے درمیان آئندہ مذاکرات میں زیر بحث آئے گا۔

واضح رہے کہ عمان اور ایران نے حالیہ مشترکہ اعلامیے میں آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظام اور اس کے ذریعے فراہم کی جانے والی خدمات کے عوض وصول کی جانے والی ممکنہ فیسوں کا جائزہ لینے کا عندیہ دیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US