چینی شینڈونگ گروپ پاکستان کے توانائی شعبے میں بڑی سرمایہ کاری کے لیے تیار

image

چینی شینڈونگ گروپ نے پاکستان کے توانائی شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور طویل المدتی اسٹریٹجک شراکت داری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

یہ پیش رفت وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور شینڈونگ گروپ کے چیئرمین ہاؤ جیان شِن کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سامنے آئی، جہاں توانائی کے مختلف منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق چینی کمپنی نے تیل و گیس کی پیداوار میں اضافے، ڈرلنگ، فیلڈ آپٹیمائزیشن، ریفائنری اپ گریڈیشن اور ایف سی سی یونٹ کی تنصیب میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔ کمپنی نے پاکستان میں توانائی سے متعلق آلات کی مینوفیکچرنگ سہولت قائم کرنے کی تجویز بھی دی، جس کے ذریعے مشرق وسطیٰ کی منڈیوں کو ہدف بنایا جائے گا۔

شینڈونگ گروپ نے پاکستان کے آف شور توانائی شعبے، سلفر پروسیسنگ پلانٹس اور انرجی سٹیز کے قیام میں سرمایہ کاری میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پاکستان توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور ویلیو ایڈیشن کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے پیٹرولیم ڈویژن کو چینی کمپنی کی تمام تجاویز پر فوکل پرسنز مقرر کرکے فوری پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط ہوگا، جبکہ چینی کمپنی کی سرمایہ کاری کی پیشکش ملک کی توانائی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US