سب سے بڑے کاغذ کے جہاز نے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا

image

اٹلی کی پیسا یونیورسٹی کے انجینئرنگ کے طالب علموں نے دنیا کا سب سے بڑا کاغذی ہوائی جہاز تیار کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرا لیا۔

طالب علموں کی تیار کردہ اس منفرد کاغذی جہاز کے پروں کی لمبائی 20.04 میٹر جبکہ مجموعی لمبائی 7 میٹر ہے۔ اس کا عوامی مظاہرہ اٹلی کے شہر بولونیا میں منعقدہ وی میک فیوچر فیئر میں کیا گیا۔

اس منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم کے مطابق اس کا آغاز کلاس روم میں مذاق کے طور پر چھوٹے کاغذی جہاز بنانے سے ہوا تاہم بعد ازاں اسے ایک باقاعدہ انجینئرنگ اور تحقیقی منصوبے کی شکل دے دی گئی۔

15 طالب علموں پر مشتمل ٹیم نے ایروناٹیکل انجینئرنگ کے اصولوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جہاز کی تیاری میں 300 کلوگرام کاغذ اور 60 کلوگرام گوند استعمال کی۔ کاغذ کو شہد کی مکھیوں کے چھتے جیسے ڈیزائن میں جوڑا گیا تاکہ جہاز مضبوط ہونے کے ساتھ ہلکا بھی رہے۔

ریکارڈ کے دوران اس کاغذی جہاز نے 59 میٹر تک پرواز کی، جس کے ساتھ ہی 2013 میں قائم ہونے والا سابقہ عالمی ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ کئی ماہ کی محنت کے بعد مکمل ہونے والا یہ منصوبہ اب گنیز ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بن چکا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US