چکوال کے علاقے کلرکہار سے تعلق رکھنے والے نبیل اعوان اور اٹلی کی ارورا وولپ کی شادی سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے۔ سماعت سے محروم نبیل کی ارورا سے ملاقات چھ سال قبل سوشل میڈیا پر ہوئی تھی، جہاں دونوں کے درمیان اشاروں کی زبان میں بات چیت شروع ہوئی۔ وقت گزرنے کے ساتھ یہ تعلق مضبوط ہوتا گیا اور بالآخر دونوں نے زندگی بھر ساتھ رہنے کا فیصلہ کر لیا۔
شادی کے لیے ارورا اٹلی سے پاکستان پہنچیں تو لاہور ایئرپورٹ پر نبیل اور ان کے اہلِ خانہ نے پھول پیش کرکے ان کا استقبال کیا۔ ضروری قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد کلرکہار میں شادی کی روایتی تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب نے شرکت کی۔ اطالوی دلہن نے پاکستانی عروسی لباس زیب تن کیا اور مقامی رسم و رواج میں بھی دلچسپی دکھائی۔
نوبیاہتا جوڑے نے اشاروں کی زبان میں اپنی خوشی کا اظہار کیا، جبکہ ارورا نے پاکستان میں ملنے والی محبت اور مہمان نوازی کو سراہا۔ نبیل اور ارورا کی یہ شادی اس بات کی ایک خوبصورت مثال بن گئی ہے کہ مختلف ممالک، ثقافتوں اور زبانوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی باہمی اعتماد اور سمجھ بوجھ سے ایک مضبوط رشتہ قائم کر سکتے ہیں۔