بلغاریہ کی مشہور نابینا نجومی بابا وانگا سے منسوب نومبر 2026 میں خلائی مخلوق سے رابطے کی پیشگوئی ایک بار پھر زیرِ بحث آگئی ہے جس کی وجہ زمین سے تقریباً 238 نوری سال دور واقع ستاروں کے نظام K2-155 کی سمت سے پراسرار ریڈیو سگنل کی دریافت ہے۔
رپورٹس کے مطابق چینی سائنسدانوں کی سربراہی میں تحقیقی ٹیم کو یہ سگنل چین کی طاقتور ریڈیو دوربین FAST کے پرانے ڈیٹا میں ملا، جس کی فریکوئنسی وقت کے ساتھ تبدیل ہورہی تھی۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سگنل سے خلائی مخلوق کی موجودگی ثابت نہیں ہوتی۔ مزید یہ کہ بابا وانگا سے نومبر 2026 میں خلائی جہاز کی آمد یا انسانوں کے خلائی مخلوق سے رابطے کی پیشگوئی منسوب کرنے کا کوئی مستند تاریخی ثبوت بھی موجود نہیں۔
واضح رہے کہ یہ سگنل 2021 میں ریکارڈ کیے گئے مشاہدات کے تجزیے کے دوران سامنے آیا ہے، اس لیے اسے نومبر 2026 میں خلائی مخلوق کی آمد کا اشارہ قرار دینا درست نہیں ہوگا۔