برطانیہ میں 58 سالہ نک بیری نے میٹل ڈیٹیکٹر کی مدد سے تقریباً ایک ہزار سال پرانا سونے کا ہار دریافت کرلیا، جو صدیوں تک زمین میں دبے رہنے کے باوجود بہترین حالت میں موجود ہے۔
نارتھ ہیمپٹن سے تعلق رکھنے والے نک بیری ہیمپشائر کے گاؤں ایش مینس ورتھ میں ایک زرعی زمین پر خزانے کی تلاش میں مصروف تھے کہ میٹل ڈیٹیکٹر سے ملنے والے سگنل پر کھدائی کے دوران انہیں سونے کا نایاب ہار مل گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ 30 سال سے زائد عرصے سے میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے نوادرات تلاش کررہے ہیں لیکن ایسی غیر معمولی دریافت پہلے کبھی نہیں ہوئی۔ ماہرین کے مطابق یہ ہار ممکنہ طور پر نویں یا دسویں صدی کا ہے۔
ہار کی حتمی مالیت کا تعین ابھی نہیں کیا گیا، تاہم اندازہ ہے کہ اس کی قیمت لاکھوں پاؤنڈز ہوسکتی ہے۔ برطانوی قوانین کے تحت ممکنہ طور پر دریافت کرنے والے اور زمین کے مالک کو اس کی فروخت سے طے شدہ حصے کے مطابق رقم ملے گی۔