چوروں نے انوکھی واردات کرتے ہوئے ہزاروں نایاب چیونٹیوں سمیت پورا بل ہی چرا لیا، جنگلی حیات کے حکام تحقیقات میں مصروف ہوگئے۔انگلینڈ کے ڈیون وائلڈ لائف ٹرسٹ نے چڈلی نائٹن ہیتھ نیچر ریزرو سے نایاب نسل کی چیونٹیوں کا پورا بل چوری ہونے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
حکام کے مطابق چوری ہونے والے بل میں ایک ہزار سے 5 ہزار تک نیرو ہیڈڈ اینٹس موجود تھیں جن میں افزائشِ نسل کرنے والی ملکہ چیونٹیاں بھی شامل تھیں۔ یہ نسل انگلینڈ میں شدید نایاب ہے اور مذکورہ نیچر ریزرو اس کا آخری بڑا مسکن سمجھا جاتا ہے۔
وائلڈ لائف ٹرسٹ نے خبردار کیا ہے کہ ایک پورے بل کی چوری سے اس نایاب نسل کی آبادی کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ملکہ چیونٹیاں 25 سال تک زندہ رہ سکتی ہیں اس لیے اس واردات کے اثرات طویل عرصے تک برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔