امریکی شہری کلاڈ پی مور نے 11 ہزار 578 پاؤنڈ (تقریباً 5 ہزار 251 کلوگرام) وزنی ربڑ بینڈز کی گیند تیار کرلی، جسے گنیز ورلڈ ریکارڈز نے دنیا کی سب سے بڑی ربڑ بینڈ بال قرار دے دیا۔
کلاڈ پی مور کے مطابق انہوں نے ڈاکٹروں کے پاس بار بار جانے کے دوران وقت گزاری کے لیے ربڑ بینڈز کی چھوٹی گیندیں بنانا شروع کی تھیں، تاہم 2015 میں ساتھیوں کے چیلنج نے انہیں دنیا کی سب سے بڑی گیند بنانے کی ترغیب دی۔
دس سال سے زائد عرصے میں یہ گیند اتنی بڑی ہوگئی کہ گیراج میں رکھنا ممکن نہ رہا اور اسے مخصوص اسٹوریج یونٹ میں منتقل کرنا پڑا۔
رواں سال اگست میں درجنوں افراد کی مدد سے اسے کرین کے ذریعے ڈیٹرائٹ کے جزیرے بیلے آئل پہنچایا گیا، جہاں گنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے کی موجودگی میں اس کا وزن کیا گیا اور عالمی ریکارڈ کی تصدیق کردی گئی۔