معذوری کو کمزوری نہ سمجھنے والا وائرل جوڑا سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے جو ہنسی خوشی زندگی گزار رہا ہے۔
دونوں ٹانگوں سے معذور ساجد اور ثنا کی باہمت جوڑی نے معذوری کے باوجود ایک دوسرے کا ہمیشہ ساتھ نبھانے کا وعدہ کیا ہے۔
ساجد نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اس بات کی اُمید چھوڑ دی تھی کہ کوئی اس حالت میں قبول کرے گا۔
ساجد کا کہنا تھا کہ ان کی کراچی میں رہنے والی ایک بہن نے انہیں بتایا کہ آپ کے لیے ایک لڑکی دیکھی ہے جس پر مجھے کافی حیرانی ہوئی، میری بہن نے ثنا کو بھی میرے بارے میں بتایا اور ہمیں ایک دوسرے کی تصویریں دکھائیں جس کے بعد ہم نے ایک دوسرے کو قبول کرنے کا فیصلہ کیا۔
ثنا نے بتایا کہ شروعات میں ساجد کافی تشویش کا شکار تھے کیونکہ ان کی معذوری زیادہ تھی اور انہیں شبہ تھا کہ میرے گھر والے ساجد سے رشتہ قبول نہیں کریں گے لیکن ایسا نہیں ہوا۔
ثنا نے بتایا کہ ان کا تعلق سیالکوت سے ہے مگر وہ گوجرانوالہ میں کام کرتی تھیں اور ان کا وہاں ایک لیونگ ہوم تھا، لیکن پھر ان کے ساتھ حادثہ پیش آگیا تھا جس کے بارے میں انہوں نے اپنے والدین کو نہیں بتایا تھا کہ وہ پریشان ہوجاتے۔
ثنا کے مطابق وہ پیدائشی طور پر معذور ہیں اور ساجد کو پیدائش کے بعد معذوری ہوئی۔ ثنا کے مطابق وہ گھر میں بچوں کو ٹیوشن پڑھاتی ہیں جو ان کے کمانے کا واحد ذریعہ ہے۔
ساجد نے بتایا جب وہ آٹھ سال کے تھے تو ان کی دادی نے والد سے کہا تھا کہ ساجد چلتے چلتے گر جاتا ہے آپ اسے ڈاکٹر کے پاس لے کر جائیں۔ والدین کا کہنا تھا کہ جسم بھاری ہونے کی وجہ سے ساجد گر جاتا ہے، لیکن جب عمر بڑھتی گئی تو میرے گرنے میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔بعد ازاں والدین نے مہنگے سے مہنگا علاج کرایا مگر کچھ نہ ہوا۔
ساجد کا مزید کہنا تھا کہ جو اسپیشل افراد ناامید بیٹھے ہیں اور سوچ رہے ہیں کہ ان کا کچھ نہیں ہوگا تو وہ اللہ پر توکل رکھیں۔