83 سالہ مصری خاتون نے سوشیالوجی میں پی ایچ ڈی کرکے مثال قائم کردی

image

مصر کی 83 سالہ اَمل اسماعیل عبدو نے سوشیالوجی میں پی ایچ ڈی مکمل کر کے یہ ثابت کر دیا کہ تعلیم کے لیے عمر کی حد مقرر نہیں ہوتی۔ انہوں نے منصورہ یونیورسٹی کی فیکلٹی آف آرٹس سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی، جہاں ان کے تحقیقی کام کو سراہا گیا۔

اَمل عبدو کا تعلیمی سفر عام نہیں تھا۔ انہوں نے 38 برس کی عمر میں مڈل کا امتحان پاس کیا، مگر کینسر کی تشخیص کے باعث پڑھائی کا سلسلہ رک گیا۔ صحت بہتر ہونے کے بعد انہوں نے دوبارہ کتابوں سے رشتہ جوڑا اور 68 سال کی عمر میں ہائی اسکول مکمل کیا۔

اس کے تین سال بعد انہوں نے منصورہ یونیورسٹی میں شعبۂ سوشیالوجی میں داخلہ لیا۔ مسلسل محنت کے بعد 2023ء میں ماسٹرز کی ڈگری امتیازی نمبروں سے حاصل کی، پھر پی ایچ ڈی کے لیے تحقیق شروع کی۔ 5 جولائی کو یونیورسٹی نے انہیں سوشیالوجی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری دے دی۔

اگلے روز صوبہ دقہلیہ کے گورنر میجر جنرل طارق مرزوق نے اَمل عبدو سے ملاقات کی اور ان کی جدوجہد کو سراہا۔ گورنر نے انہیں اعزازی شیلڈ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی ان لوگوں کے لیے حوصلہ ہے جو حالات یا عمر کی وجہ سے اپنے تعلیمی خواب ادھورے چھوڑ دیتے ہیں۔

اَمل عبدو نے اس موقع پر کہا کہ انہیں ملنے والی عزت افزائی ان کے لیے مزید حوصلے کا باعث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ اپنے مقصد کے لیے کوشش جاری رکھتے ہیں، ان کے لیے عمر یا مشکل حالات مستقل رکاوٹ نہیں بن سکتے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US