8 کروڑ روپے کی گھڑی چوری کرنے والا معافی نامے کے ساتھ واپس بھیج گیا، ٹوکیو میں حیران کن واقعہ

image

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں قیمتی گھڑی کی چوری کا ایک غیر معمولی واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک شخص لاکھوں ڈالر مالیت کی گھڑی لے کر فرار ہوگیا، لیکن چند دن بعد دکان کو وہی گھڑی ایک پارسل میں واپس مل گئی۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ پارسل کے اندر چور کی جانب سے معافی کا مختصر پیغام بھی موجود تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک نامعلوم شخص گاہک بن کر لگژری گھڑیوں کی دکان میں پہنچا اور معروف سوئس کمپنی آڈیمار پیگے کی گھڑی دیکھنے کی درخواست کی۔ دکان کے عملے نے اسے گھڑی پہن کر آزمانے کی اجازت دی، لیکن موقع ملتے ہی وہ شخص تقریباً 2 لاکھ 90 ہزار ڈالر، یعنی پاکستانی کرنسی میں 8 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی گھڑی کلائی پر پہنے دکان سے بھاگ نکلا۔ اس دوران وہاں موجود دونوں ملازمین محفوظ رہے۔

چوری کے چند روز بعد دکان کے عملے کو اس وقت حیرت ہوئی جب جاپان کے صوبے آئچی سے بھیجا گیا ایک کوریئر موصول ہوا۔ پیکٹ کھولنے پر اس میں گمشدہ گھڑی موجود تھی، جس کے ساتھ ایک چھوٹا سا کاغذ رکھا تھا جس پر صرف 'سوری' لکھا ہوا تھا۔ تفتیشی حکام نے گھڑی کا سیریل نمبر چیک کیا تو تصدیق ہوگئی کہ یہ وہی قیمتی گھڑی ہے جو دکان سے غائب ہوئی تھی۔

جاپانی میڈیا کے مطابق گھڑی واپس ملنے کے باوجود پولیس نے تحقیقات بند نہیں کیں اور مشتبہ شخص کی تلاش جاری ہے۔ دوسری جانب دکان کی انتظامیہ نے واقعے پر مزید بات کرنے سے انکار کردیا۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسی شاپنگ کمپلیکس میں اگست کے دوران ایک اور بڑی واردات ہوئی تھی، جس میں ایک مختلف دکان سے تقریباً 13 لاکھ ڈالر مالیت کی چار مہنگی گھڑیاں چوری کرلی گئی تھیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US