بھارتی ریاست تلنگانہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک نرس خاتون نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو قتل کرنے کے لیے پہلے چھت سے گرانے کی کوشش کی، تاہم ناکامی کے بعد علاج کے دوران مبینہ طور پر ٹوائلٹ کلینر اور دیگر کیمیکل جسم میں داخل کر کے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تلنگانہ میں 35 سالہ پرشانت نامی شخص کی مبینہ طور پر قتل کی تحقیقات کے دوران پولیس نے اس کی اہلیہ سندھیا، اس کے مبینہ ساتھی انیل اور ایک کرائے کے قاتل بنٹی کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق پرشانت حال ہی میں ایک خلیجی ملک سے واپس آیا تھا اور مبینہ طور پر اپنی اہلیہ سندھیا اور انیل کے تعلقات میں رکاوٹ بن رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سندھیا نے مبینہ طور پر بنٹی کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔ منصوبے کے تحت بنٹی نے پہلے پرشانت کو نشہ آور مشروب پلایا، جس کے بعد اسے سندھیا کے ساتھ مل کر عمارت کی چھت پر لے جایا گیا اور مبینہ طور پر نیچے دھکا دے دیا گیا۔
پولیس کے مطابق پرشانت شدید زخمی ہونے کے باوجود زندہ بچ گیا، جس کے بعد اسے پہلے سرکاری اور پھر ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پہلی کوشش ناکام ہونے کے بعد اگلے روز سندھیا، جو پیشے کے اعتبار سے نرس ہے، نے مبینہ طور پر علاج کے دوران پرشانت کی رگ میں لگی طبی نالی کے ذریعے ٹوائلٹ صاف کرنے والا محلول اور دیگر کیمیائی مادے اس کے جسم میں داخل کر دیے، جس کے نتیجے میں اس کی موت ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پرشانت کی والدہ کو واقعے پر شک ہوا، جس کے بعد انہوں نے پولیس سے رابطہ کیا اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
پولیس کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران بنٹی نے بھی مبینہ طور پر اپنے کردار کا اعتراف کیا اور بتایا کہ قتل کا منصوبہ سندھیا نے بنایا تھا جبکہ رقم بھی اسی نے فراہم کی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے سندھیا، انیل اور بنٹی کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔