آسٹریلیا کے شہر برسبین میں ایک جوڑے کو اس وقت غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب وہ شام کو کافی پینے کے بعد گھر واپس پہنچے تو ان کے باتھ روم میں ایک مور موجود تھا، جو آئینے کے سامنے کھڑا مسلسل اپنا عکس دیکھ رہا تھا۔
جیف بالینٹائن کے مطابق ان کی اہلیہ ڈیلون نے جیسے ہی مور کو دیکھا تو خوف کے مارے چیخ پڑیں۔ انہیں ابتدا میں لگا کہ شاید گھر میں کوئی اجنبی داخل ہوگیا ہے، لیکن جب اہلیہ نے مور کی موجودگی کا بتایا تو وہ بھی حیران رہ گئے۔ دونوں نے پرندے کو وہاں سے نکالنے کے لیے خوراک اور پانی دینے کی کوشش کی، مگر وہ آئینے کے سامنے سے ہٹنے کو تیار نہیں تھا۔
آخرکار جوڑے نے جنگلی حیات کے تحفظ کے ادارے سے رابطہ کیا، جس کے اہلکاروں نے مور کو احتیاط سے پکڑ کر قریبی جھاڑیوں میں چھوڑ دیا۔ تاہم کہانی یہیں ختم نہیں ہوئی۔ کچھ عرصے بعد وہی مور پڑوس میں رہنے والی خاتون سوزی ٹافولو کے گھر روزانہ آنے لگا۔
سوزی کو معلوم ہوا کہ یہ پرندہ مقامی ٹیٹو آرٹسٹ ایلیٹ روس کا گمشدہ پالتو مور ہے، جس کی تلاش جاری تھی۔ مالک کی تصدیق کے بعد انہوں نے اپنے گھر کے احاطے میں ایک بڑا آئینہ رکھ دیا، جہاں مور اب باقاعدگی سے اپنا عکس دیکھنے آتا ہے۔ انہیں امید ہے کہ جلد ہی یہ پرندہ اپنے مالک کے پاس واپس پہنچ جائے گا۔
ماہرِ شہری حیاتیات پروفیسر ڈیرل جونز کے مطابق مور کا یہ رویہ تنہائی سے متعلق ہوسکتا ہے، تاہم ضروری نہیں کہ وہ اپنے عکس سے محبت کر رہا ہو۔ ممکن ہے وہ آئینے میں نظر آنے والے پرندے کو کوئی دوسرا مور سمجھ رہا ہو۔