وفاقی حکومت نے نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی سرکاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کے اجرا کا نیا طریقہ کار متعارف کرا دیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت ترقیاتی فنڈز اب چار سہ ماہی اقساط میں جاری کیے جائیں گے جبکہ غیر ملکی ادائیگیوں کے لیے وزارت خزانہ کی پیشگی منظوری لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق رواں مالی سال میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں کے لیے ایک ہزار ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ پہلی سہ ماہی میں مجموعی فنڈز کا صرف 15 فیصد، دوسری سہ ماہی میں 20 فیصد، تیسری سہ ماہی میں 25 فیصد جبکہ چوتھی سہ ماہی میں 40 فیصد فنڈز جاری کیے جائیں گے۔
وزارت خزانہ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی وزارت یا ڈویژن کو مقررہ حد سے ایک روپیہ بھی زائد جاری نہیں کیا جائے گا اور اضافی ادائیگی صرف وزارت خزانہ کی پیشگی اجازت سے ہی ممکن ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے تحت ہر ترقیاتی منصوبے کے لیے علیحدہ اسائنمنٹ اکاؤنٹ کھولا جائے گا جبکہ منظور شدہ منصوبوں کے لیے فنڈز منصوبہ بندی ڈویژن جاری کرے گا۔ فنڈز کی تقسیم صرف منظور شدہ بجٹ کی حد کے اندر رہتے ہوئے کی جائے گی۔
وزارت خزانہ کے مطابق بیرون ملک ادائیگیوں کے لیے بھی پیشگی منظوری حاصل کرنا لازمی ہوگا تاکہ ترقیاتی اخراجات پر مؤثر نگرانی اور مالی نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔