اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد میں ریکارڈ 48 فیصد اضافہ

image

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد میں ریکارڈ 48 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 83 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق محض ایک سال کے عرصے میں دو لاکھ کے قریب نئے سرمایہ کار اسٹاک مارکیٹ کا حصہ بنے ہیں، جن میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہے کیونکہ نئے سرمایہ کاروں میں 45 فیصد تعداد 18 سے 30 سال کے نوجوانوں کی ہے، جبکہ 31 سے 45 سال عمر کے نئے سرمایہ کاروں کا تناسب 41 فیصد رہا ہے۔

شہروں کے لحاظ سے کراچی نئے سرمایہ کار اکاؤنٹس میں 25 فیصد کے ساتھ سرفہرست اور لاہور 16 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا ہے، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی سے 13 فیصد نئے سرمایہ کاروں نے مارکیٹ کا رخ کیا۔

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ سہولت اکاؤنٹ کی حد 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کرنے سے سرمایہ کاری مزید آسان ہوئی ہے، جبکہ بینکوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے اکاؤنٹ کھولنے کا عمل بھی مزید سہل بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آئی بی اے این (IBAN) ویریفکیشن اور مائنر ٹریڈنگ اکاؤنٹس (نابالغوں کے ٹریڈنگ اکاؤنٹس) جیسے جدید اقدامات سے بھی سرمایہ کاروں کو بڑی سہولت ملی ہے۔

اس موقع پر چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو کیپٹل مارکیٹ سے منسلک کرنا ان کی پہلی ترجیح ہے اور سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے جلد ہی ایک ڈیجیٹل آن بورڈنگ موبائل ایپ بھی متعارف کرائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیپٹل مارکیٹ عوام کی بچتوں کو پیداواری سرمایہ کاری میں تبدیل کر کے ملک کی معاشی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US