پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، کے ایس ای 100 انڈیکس 1 لاکھ 70 ہزار کی سطح عبور کرگیا

image

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز زبردست خریداری کا رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں سرمایه‌کار امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج اور مشرق وسطیٰ میں امن مذاکرات پر ان کے ممکنہ اثرات کے منتظر ہیں۔

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 2,200 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 70 ہزار کی اہم سطح عبور کر گیا۔ صبح 10 بج کر 40 منٹ پر بینچ مارک انڈیکس 2,216.64 پوائنٹس (1.32 فیصد) اضافے کے ساتھ 170,235.50 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

مارکیٹ میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن و مارکیٹنگ کمپنیوں، بجلی پیدا کرنے والے اداروں اور ریفائنریوں سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔

اس دوران اے آر ایل، حبکو، ماری، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی او ایل، ایم سی بی، ایم ای بی ایل، این بی پی اور یو بی ایل کے شیئرز میں مثبت رجحان رہا۔

اس سے قبل منگل کے روز بھی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور امریکا و ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات کی امیدوں کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا تھا، جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 1,454.80 پوائنٹس (0.87 فیصد) اضافے کے ساتھ 168,018.87 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US