پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی، مالیاتی اور کیپیٹل مارکیٹس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

image

پاکستان کے نو تعینات ہائی کمشنر برائے برطانیہ، ٹیپو عثمان نے وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی و مالی تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے ٹیپو عثمان کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کا سفارتی تجربہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور اقتصادی سفارت کاری کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ملاقات کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، بینکاری، ترسیلات زر، کیپیٹل مارکیٹس اور مالیاتی خدمات میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ پاکستان کے روابط کو مضبوط بنانے اور لندن کی عالمی مالیاتی مرکز کی حیثیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے مالیاتی اور کیپیٹل مارکیٹ کے اہداف کو آگے بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیر خزانہ نے حکومت کی جانب سے مالی وسائل کے ذرائع میں تنوع، بین الاقوامی کیپیٹل مارکیٹس تک رسائی بڑھانے اور ملکی مالیاتی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں ڈیجیٹل فنانس، بلاک چین پر مبنی مالیاتی حل، ورچوئل اثاثوں اور ٹوکنائزیشن جیسے جدید مالیاتی شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریقین نے قرضوں کے انتظام اور کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی کے شعبے میں تعاون، بالخصوص برطانیہ کے ڈیبٹ مینجمنٹ آفس کے ساتھ روابط کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔ ہائی کمشنر نے ادارہ جاتی سرمایہ کاروں سے روابط بڑھانے اور معروف مالیاتی اداروں کے اشتراک سے مستقبل میں سرمایہ کاری روڈ شوز کے انعقاد کے امکانات سے بھی آگاہ کیا۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترسیلات زر، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ، سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے ذریعے وہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے برطانیہ کے مالیاتی اداروں اور نجی شعبے کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وزیر خزانہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت معاشی استحکام، مالیاتی نظم و ضبط، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے اور نجی شعبے کی قیادت میں اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں قریبی رابطے جاری رکھنے اور پاکستان و برطانیہ کے اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US