شہر قائد میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

image

شہر قائد میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 12 مئی کے مقابلے میں 9 جولائی کو آٹے کے تمام نرخوں میں اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ریگولر آٹے کی ہول سیل قیمت 110 روپے سے بڑھا کر 122 روپے فی کلو جبکہ ریٹیل قیمت 113 روپے سے بڑھا کر 125 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح فائن آٹے کی ہول سیل قیمت 118 روپے سے بڑھ کر 132 روپے اور ریٹیل قیمت 121 روپے سے بڑھ کر 135 روپے فی کلو کردی گئی ہے، تاہم چکی کے آٹے کی ریٹیل قیمت 145 روپے فی کلو پر برقرار رکھی گئی ہے۔

کمشنر کراچی نے تمام دکانداروں کو سرکاری نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وارننگ دی ہے کہ سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US