پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (سینٹرل پنجاب) نے آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے 23 جولائی سے شروع ہونے والی ملک گیر ہڑتال کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (سینٹرل پنجاب) کے صدر چوہدری نعمان مجید نے اپنے بیان میں کہا کہ 23 جولائی کی رات 12 بجے سے شروع ہونے والی ہڑتال میں سینٹرل پنجاب کے تمام پیٹرول پمپ مالکان اور ڈیلرز مکمل طور پر شریک ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، گوجرانوالہ، فیصل آباد، اوکاڑہ، سیالکوٹ، نارووال، شکرگڑھ اور دیگر اضلاع میں ہڑتال کے باعث پیٹرول پمپ بند رہیں گے۔
چوہدری نعمان مجید کا کہنا تھا کہ پیٹرول پمپ مالکان اور ڈیلرز اپنے جائز مطالبات کے حصول کے لیے متحد ہیں اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں اضافہ کیا جائے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین سے متعلق تحفظات کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ ڈیلرز کو درپیش مسائل کا مستقل حل نکالا جاسکے۔