پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں کا یومیہ تعین، ڈیلرز کی دو بڑی تنظیمیں ہڑتال کے معاملے پر تقسیم

image

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا یومیہ تعین کرنے کے حکومتی فیصلے پر پیٹرولیم ڈیلرز اور حکومت کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں جبکہ ڈیلرز کی دو بڑی تنظیمیں بھی ہڑتال کے معاملے پر مختلف مؤقف رکھتی ہیں۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے آج کراچی میں مرکزی اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ ملک گیر ہڑتال کی جائے یا اوگرا کی جانب سے مانگی گئی سات روزہ مہلت قبول کی جائے۔

دوسری جانب پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن نے آج رات سے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے جس کے باعث پیٹرول کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کراچی اور لاہور کے پیٹرولیم ڈیلرز کے نمائندوں سے متعدد ملاقاتیں کیں، تاہم حکومت انہیں یومیہ قیمتوں کے تعین کے فیصلے پر قائل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

اس دوران چیئرمین اوگرا اور سیکریٹری پیٹرولیم کے ساتھ بھی پیٹرولیم ڈیلرز کے بیک ٹو بیک اجلاس ہوئے، جبکہ پی پی ڈی اے کے وفد نے چیئرمین اوگرا سے ڈھائی گھنٹے طویل ملاقات میں یومیہ قیمتوں کے نظام پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

پی پی ڈی اے کے وائس چیئرمین طارق حسن کے مطابق اوگرا نے اس معاملے پر سات دن کی مہلت طلب کی ہے، جبکہ ڈیلرز نے اپنے منافع کا مارجن بڑھا کر 8 فیصد کرنے کا مطالبہ بھی حکومت کے سامنے رکھا ہے۔

دوسری جانب آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم او سی اے سی (OCAC) نے حکومت کے یومیہ قیمتوں کے تعین کے فیصلے کی حمایت کر دی ہے۔

پیٹرولیم ڈیلرز کے آج ہونے والے مرکزی اجلاس کے فیصلے پر ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی صورتحال اور ممکنہ ہڑتال کا انحصار ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US