پاکستان گولڈ اور پاکستان گرینز کے کپتانوں کا ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ

image

نیشنل چیمپئنز کپ کے فائنل سے قبل پاکستان گولڈ اور پاکستان گرینز کے کپتانوں شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کا ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ مکمل کرلیا گیا ہے، جس کے بعد دونوں ٹیمیں منگل کی دوپہر تین بجے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹائٹل کے حصول کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان گرینز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے تمام تینوں میچز میں فتح حاصل کی ہے، جبکہ پاکستان گولڈ تین میں سے صرف ایک میچ ہی جیت سکی ہے۔ فائنل کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے اور رنرز اپ کو 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔

فائنل سے قبل گفتگو کرتے ہوئے پاکستان گولڈ کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ پہلے دو میچز ان کے حق میں نہیں رہے لیکن تیسرے میچ میں ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ گرینز کی ٹیم اس وقت اچھا کھیل رہی ہے جس کی وجہ سے فائنل کا معرکہ انتہائی دلچسپ ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان گرینز کے کپتان شاداب خان نے پوری ٹیم کے بہترین مائنڈ سیٹ اور کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فائنل کے اہم مقابلے میں پاکستان گولڈ جیسی ٹیم انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US