سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان اور ویلز کا میچ ڈرا، اب نظریں پاک بھارت ٹکراؤ پر

image

ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں نیدرلینڈز کے ویگنر ہاکی اسٹیڈیم میں پیر کے روز کھیلے گئے پول ڈی کے دوسرے میچ میں پاکستان اور ویلز کے درمیان مقابلہ 3-3 سے سنسنی خیز ڈرا پر ختم ہوا۔

پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا، جہاں ویلز نے آغاز ہی سے حملہ آور حکمت عملی اپنائی اور ابتدائی گول کی تلاش میں ڈربلنگ کی مہارتوں کا استعمال کیا۔ تاہم، پاکستان کے دفاع نے ویلز کے ابتدائی حملوں کو ناکام بنا دیا۔

پاکستان نے تیسرے منٹ میں ہی پہلا گول اسکور کیا جب عبدالرحمان نے شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویلز کی دفاعی لائن کو توڑا اور اپنی ٹیم کو ابتدائی برتری دلا دی۔

ویلز نے پاکستان کے دفاع میں شگاف ڈالنے کے بعد جارحانہ ردعمل دیا لیکن وہ گول کرنے کا کوئی واضح موقع نہ بناسکے، کیونکہ پرسکون اور بااعتماد گرین شرٹس نے جلد ہی میچ کا کنٹرول سنبھال لیا اور کھیل کا رخ اپنے حق میں موڑ دیا۔

دوسرے کوارٹر میں ویلز نے برابری کی تلاش میں اپنا جارحانہ انداز برقرار رکھا، لیکن پاکستان کے دفاع نے پختگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو گول کرنے کے کسی بھی صاف موقع سے محروم رکھا۔

پاکستان کو ایک پنالٹی کارنر ملا لیکن وہ اس سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہا، کیونکہ ویلز کے گول کیپر ٹوبی رینلڈز کاٹریل نے شاندار بچاؤ کیا۔ اس کے بعد گرین شرٹس کو اس وقت دھچکا لگا جب سفیان خان کو ویلز کے ایک کھلاڑی کو ٹیکل کرنے پر یلو کارڈ دکھا کر پانچ منٹ کے لیے معطل کر دیا گیا۔

پاکستان نے ایک اور پنالٹی کارنر حاصل کیا لیکن وہ اپنی برتری میں اضافہ نہ کر سکا۔ ویلز نے جواب میں جوابی حملہ (کاؤنٹر اٹیک) کیا، لیکن پاکستانی گول کیپر علی رضا نے باآسانی دفاع کیا۔

ویلز کو ایک اور پنالٹی کارنر ملا اور اس بار انہوں نے موقع سے پورا فائدہ اٹھایا، 25ویں منٹ میں گیرتھ فرلینگ نے گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔

اگلے ہی منٹ میں ویلز کے ایک اور گول کے بعد پاکستان پر مزید دباؤ بڑھ گیا۔ ریس بریڈشا نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر ویلز کو 2-1 کی برتری دلا دی، اور پہلے 30 منٹ کے اختتام پر یہی اسکور برقرار رہا۔

تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور ماحول گرم ہو گیا۔ ویلز کے کپتان بینجمن کو گرین کارڈ دکھایا گیا، جبکہ پاکستان کے قائم مقام کپتان عماد بٹ کو اپنی ٹیم سے بات کرنے کی ہدایت کی گئی۔

پاکستان نے اپنی ابتدائی مشکلات سے نکل کر برابری کا گول کرنے کی کوشش کی، لیکن ویلز کے دفاع نے گرین شرٹس کو گول کرنے کا کوئی واضح موقع نہ دیا۔

پاکستان کو ایک اور پنالٹی کارنر ملنے پر اسکور برابر کرنے کا موقع ملا، لیکن وہ ایک بار پھر ناکام رہے کیونکہ ویلز کے گول کیپر ٹوبی رینلڈز کاٹریل نے ایک اور اہم بچاؤ کیا۔

تیسرا کوارٹر بغیر کسی گول کے ختم ہوا، اور آخری کوارٹر کے آغاز تک ویلز کو 2-1 کی برتری حاصل رہی۔

آخری کوارٹر میں پاکستان کے حملوں کے دباؤ کے باوجود ویلز نے پرسکون کھیل پیش کیا۔ گرین شرٹس کو ایک اور پنالٹی کارنر ملا لیکن وہ اس سے بھی فائدہ نہ اٹھا سکے اور ویلز کے دفاع نے ان کے حملے کو ناکام بنا دیا۔

تاہم، پاکستان نے زبردست واپسی کی اور سفیان خان نے 48ویں منٹ میں ویلز کے دفاع کو چیرتے ہوئے بہترین فنشنگ کے ساتھ اسکور برابر کر دیا اور اپنی ٹیم کی امیدوں کو زندہ رکھا۔

51ویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے گول کر کے گرین شرٹس کو ایک بار پھر 3-2 کی برتری دلا دی۔

ویلز نے پنالٹی اسٹروک ملنے پر 53ویں منٹ میں گیرتھ فرلینگ کے گول کی بدولت اسکور 3-3 سے برابر کر دیا اور میچ کو دونوں ٹیموں کے لیے سنسنی خیز بنا دیا۔

ویلز کو کھیل کے آخری پانچ منٹ میں ایک اور پنالٹی کارنر ملا لیکن وہ اسے گول میں تبدیل نہ کرسکے۔

آخری منٹوں میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، لیکن کوئی بھی ٹیم فیصلہ کن گول نہ کر سکی اور میچ 3-3 کے ڈرا پر ختم ہوا۔ اس نتیجے کے بعد اگلے مرحلے میں پہنچنے کی پاکستان کی امیدیں موہوم ہوگئی ہیں۔

واضح رہے کہ گرین شرٹس کو اپنےہاکی ورلڈ کپ کےپہلے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب وہ بدھ کے روز اسی میدان میں اپنے روایتی حریف بھارت کے خلاف اپنا آخری پول میچ کھیلیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US