پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی (ILT20) میں اپنے پہلے ہی میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز کو شارجہ واریئرز کے خلاف 6 وکٹوں سے فتح دلا دی، جبکہ ایک اننگز میں سب سے زیادہ چوکے لگانے کا نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں شارجہ واریئرز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 166 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ہدف کے تعاقب میں ڈیزرٹ وائپرز نے بابر اعظم کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت مطلوبہ اسکور 17.3 اوورز میں حاصل کرلیا۔
بابر اعظم نے 31 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور مجموعی طور پر 51 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 86 رنز کی ناقابلِ فراموش اننگز کھیلی، جس میں 13 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے جارڈن کلارک کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کی شراکت میں 82 رنز بھی جوڑے۔ اس میچ وننگ کارکردگی پر بابر اعظم کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس اننگز کے دوران 13 چوکے جڑ کر بابر اعظم نے آئی ایل ٹی 20 کی تاریخ میں کسی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چوکے لگانے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے، اس سے قبل 2024 میں علیشان شرفو نے ایک اننگز میں 11 چوکے لگائے تھے۔
رواں سیزن میں ڈیزرٹ وائپرز کی یہ پہلی کامیابی ہے اور اب ٹیم اپنا اگلا میچ 25 نومبر کو دبئی کیپیٹلز کے خلاف کھیلے گی۔