اے بی ڈی ویلیئرز نے سینڈ پیپر اسکینڈل پر خاموشی توڑ دی، آسٹریلوی بولرز پر سنگین سوالات اٹھا دیے

image

جنوبی افریقا کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے 2018 کے مشہور بال ٹیمپرنگ تنازعے کے حوالے سے ایک نیا دعویٰ سامنے لایا ہے۔

اے بی ڈی ویلیئرز کے مطابق آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے افتتاحی ٹیسٹ میچ ہی سے گیند کی ساخت بگاڑنے کا عمل شروع کر دیا تھا۔ اپنے یوٹیوب چینل پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ کیپ ٹاؤن کے تیسرے ٹیسٹ میں کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر کے استعمال پر رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا، لیکن گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا یہ سلسلہ اس سے قبل ڈربن میں ہونے والے پہلے میچ میں بھی جاری تھا۔

ان کا مؤقف ہے کہ کنگزمیڈ کے میدان میں گیند کا خلافِ معمول اتنی جلدی ریورس سوئنگ ہونا اس بات کا واضح ثبوت تھا کہ دال میں کچھ کالا ہے۔ ڈی ویلیئرز نے آسٹریلوی بولرز کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ گیند کی بدلی ہوئی حالت سے ان کی لاعلمی ناممکن ہے، لہٰذا متعلقہ کھلاڑیوں کو اب حقیقت تسلیم کر لینی چاہیے۔

واضح رہے کہ یہ معاملہ اس وقت ایک بار پھر گرما گیا جب آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ نے یہ بیان دیا کہ بال ٹیمپرنگ کے اس منصوبے کا علم پوری ٹیم کو تھا، جبکہ اس سے قبل کیمرون بینکرافٹ نے اس عمل کا آغاز دوسرے ٹیسٹ سے ہونے کا اعتراف کیا تھا۔

یاد رہے کہ اس واقعے کے نتیجے میں اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دوسری طرف کرکٹ آسٹریلیا نے موجودہ ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قیادت پر اٹھنے والے اعتراضات کو مسترد کر دیا ہے، جبکہ پیٹ کمنز خود بھی اس واقعے سے مکمل لاعلمی کے اپنے پرانے مؤقف پر قائم ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US