بھارت آمد پر آسٹریلوی ٹیم کو بال ٹیمپرنگ تنازع پر کڑے سوالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے: عرفان پٹھان

image

بھارت کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ سال بارڈر گواسکر ٹرافی کے لیے بھارت کے دورے کے دوران انہیں 2018ء کے بال ٹیمپرنگ تنازع پر شدید سوالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

ایک خصوصی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عرفان پٹھان کا کہنا تھا کہ ’سینڈ پیپر گیٹ‘ کا معاملہ ایک بار پھر زیرِ بحث آنے کے بعد آسٹریلوی کھلاڑیوں کی بھارت آمد پر اس حوالے سے خاصی بات چیت ہوگی۔ ان کے مطابق اس اسکینڈل کا حصہ نہ رہنے والے نوجوان آسٹریلوی کرکٹرز سے بھی اس پر سوالات کیے جا سکتے ہیں، جو کہ مناسب نہیں ہوگا۔

انہوں نے آسٹریلوی کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ وہ آٹھ سال پرانے اس واقعے پر بار بار صفائیاں دینے کے بجائے خاموش رہیں اور اپنی تمام تر توجہ کھیل پر رکھیں، بصورت دیگر ان کی مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا اگر اس معاملے کی دوبارہ تحقیقات بھی کر لے تو عوام کے ذہنوں سے شکوک و شبہات ختم نہیں ہوں گے اور یہ تنازع آئندہ کئی دہائیوں تک زندہ رہ سکتا ہے۔

اس موقع پر عرفان پٹھان نے سابق آسٹریلوی نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں اس معاملے پر اپنی پوزیشن 2018ء میں پابندی لگنے کے فوراً بعد واضح کرنی چاہیے تھی۔

واضح رہے کہ 2018ء میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی بلے باز کیمرون بینکرافٹ کو گیند خراب کرنے کے لیے ریگ مال (سینڈ پیپر) استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔ اس واقعے کے نتیجے میں کرکٹ آسٹریلیا نے اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر ایک، ایک سال جبکہ بینکرافٹ پر نو ماہ کی پابندی عائد کردی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US