پاور سیکٹر: جون 2026 تک گردشی قرضہ 1675 ارب روپے تک پہنچ گیا

image

پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ جون 2026 تک بڑھ کر 1675 ارب روپے ہوگیا۔

وزارت توانائی کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران گردشی قرضے میں 61 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 780 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق جون 2026 میں ماہانہ بنیاد پر گردشی قرضے میں 4 فیصد اضافہ، تاہم سالانہ بنیاد پر 10 فیصد کمی ہوئی۔ اپریل 2026 میں پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 1853 ارب روپے جبکہ جون 2025 میں 1614 ارب روپے تھا۔

وزارت توانائی کے مطابق ڈسکوز کی ناقص کارکردگی کے باعث گردشی قرضے میں 326 ارب روپے کا اضافہ ہوا، تاہم گزشتہ سال یہ اضافہ 397 ارب روپے تھا۔ کے الیکٹرک کی جانب سے 194 ارب روپے کی عدم ادائیگی بھی گردشی قرضے میں اضافے کی بڑی وجہ بنی، جبکہ گزشتہ سال کے الیکٹرک کی عدم ادائیگی صرف 4 ارب روپے تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاور سیکٹر میں انڈر ریکوریز نمایاں کمی کے بعد 64 ارب روپے رہ گئیں، جو گزشتہ سال 132 ارب روپے تھیں۔

وزارت توانائی کے مطابق مالی سال 2026 میں آئی پی پیز کو اسٹاک ادائیگیوں کی مد میں 302 ارب روپے ادا کیے گئے۔ گردشی قرضے کی فنانسنگ کے لیے 694 ارب روپے کی نئی لائن متعارف کرائی گئی، جبکہ پاور ہولڈنگ لمیٹڈ میں موجود 660 ارب روپے کی بینک فنانسنگ میں منتقلی کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق گردشی قرضہ فنانسنگ سہولت کے تحت جون 2026 تک 129 ارب روپے کی ادائیگی کی جاچکی ہے، جبکہ پی ایچ ایل میں موجود رقم کو کم شرح سود پر ری فنانس کرنے کا منصوبہ بھی شامل تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US