سی ویو کے قریب گیراج میں دو لاشیں ملنے کا معمہ، سی سی ٹی وی سے اہم تفصیلات سامنے آگئیں

image

کراچی کے سی ویو کے قریب ایک اپارٹمنٹ کے گیراج میں کھڑی گاڑی سے دو افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے، جس سے دونوں افراد کی گیراج میں آمد اور آخری سرگرمیوں کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

فوٹیج کے مطابق دونوں افراد 17 اگست کی رات تقریباً 9 بج کر 12 منٹ پر موٹر سائیکل پر اپارٹمنٹ پہنچے۔ چند لمحوں بعد وہ پیدل گیراج کی جانب گئے۔ اسد نامی شخص نے گیراج کا تالا کھولا اور اندر داخل ہوگیا، جبکہ کچھ دیر بعد دوسرا نوجوان بھی وہاں پہنچ گیا۔

سی سی ٹی وی میں اسد کو کچھ دیر بعد گیراج سے باہر نکلتے، اپارٹمنٹ کا جائزہ لیتے اور ایک چکر لگانے کے بعد دوبارہ اندر جاتے دیکھا گیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی شواہد سے شبہ ہے کہ دونوں افراد گیراج میں موجود گاڑی میں بیٹھے اور اسے اسٹارٹ کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گیراج مکمل طور پر بند تھا، جس کے باعث گاڑی سے خارج ہونے والی کاربن مونو آکسائیڈ گیس جمع ہوگئی اور ممکنہ طور پر اسی کے باعث دونوں افراد کی موت واقع ہوئی۔ پولیس کے مطابق لاشیں کافی پرانی ہونے کے باعث گلنے سڑنے لگی تھیں اور بظاہر دو دن سے زائد پرانی معلوم ہوتی تھیں۔

پولیس کے مطابق 18 اگست کو اسد اللہ کے اہلخانہ نے اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ بعد میں گیراج سے آنے والی بو کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی اور دونوں لاشیں برآمد کیں۔ تاہم دوسرے نوجوان کی شناخت اب تک نہیں ہوسکی، جبکہ واقعے کے اصل حالات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US