لیڈز ٹیسٹ کے تیسرے دن انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 89.5 اوورز بیٹنگ کرنے کے بعد 409 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ہے، جس کے بعد اسے پاکستان کے خلاف 238 رنز کی نمایاں برتری حاصل ہوگئی ہے۔
انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک 91، جارڈن کوکس 73، جو روٹ 66 اور لارسن 51 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے علی عثمان نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 95 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں اور انگلینڈ میں 5 وکٹیں لینے والے پہلے بائیں ہاتھ کے پاکستانی اسپنر بن گئے، جبکہ خرم شہزاد نے 133 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل انگلینڈ نے کھیل کے تیسرے دن کا آغاز 8 وکٹوں پر 366 رنز اور 195 رنز کی برتری کے ساتھ کیا تھا۔ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 171 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی، جس میں عبداللہ شفیق کے 61، امام الحق کے 42 اور کپتان سلمان علی آغا کے 21 رنز شامل تھے، جبکہ خرم شہزاد نے 14 اور محمد رضوان نے 12 رنز بنائے تھے۔ انگلش اننگز کے دوران پاکستان کے دیگر باؤلرز میں محمد عباس اور محمد علی نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔