کراچی: رضویہ تا شاہ نجف چپ تعزیہ جلوس کے لیے متبادل ٹریفک پلان مرتب

image

22 اگست کو رضویہ سوسائٹی سے شاہ نجف امام بارگاہ مارٹن روڈ جانے والے دوسرے چپ تعزیہ کے جلوس کے پیش نظر کراچی ٹریفک پولیس نے متبادل روٹس اور ٹریفک ڈائیورژن کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق دوسرا ماتمی جلوس دوپہر 1 بجے قصرِ مصیب سے برآمد ہو کر الطاف حسین بریلوی روڈ، گولیمار چورنگی نمبر 1، نواب صدیق علی خان روڈ، لسبیلہ چوک، نشتر روڈ، تین ہٹی، مارٹن روڈ، پی آئی بی کالونی کراسنگ، جیل روڈ اور جمشید روڈ سے ہوتا ہوا شاہ نجف امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ الطاف حسین بریلوی روڈ اور بڑا بورڈ سے گجر نالہ کراسنگ تک کا راستہ ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہے گا، جبکہ جلوس کے روٹ پر کسی بھی گاڑی کو پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

جلوس کی روانگی کے وقت میٹرک بورڈ آفس سے لسبیلہ کی طرف آنے والی ٹریفک کو ناظم آباد فلائی اوور کے بائیں جانب سے ناظم آباد چورنگی نمبر 2 سے لیاقت آباد 10 اور حسن اسکوائر کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ دوپہر 1 بجے کے بعد سہراب گوٹھ اور واٹر پمپ سے کریم آباد فلائی اوور برج ٹریفک کے لیے بند رہے گا، اور گاڑیوں کو کریم آباد چوک سے موسیٰ کالونی اور عثمان میموریل ہسپتال سے حسن اسکوائر کی جانب بھیجا جائے گا۔ دوپہر 1 بجے سے قبل لیاقت آباد نمبر 10 اور سپر مارکیٹ سے آنے والی ٹریفک کو ڈاکخانہ فلائی اوور سے سندھی ہوٹل، پرانی سبزی منڈی اور یونیورسٹی روڈ کی طرف موڑا جائے گا۔

شہر کے وسط سے گرومندر، لیاقت آباد، سہراب گوٹھ، نیو کراچی اور نارتھ ناظم آباد جانے والی ٹریفک گرومندر چوک سے بنوری ٹاؤن سگنل، نیو ایم اے جناح روڈ، اسلامیہ کالج چورنگی، جیل چورنگی، یونیورسٹی روڈ، حسن اسکوائر اور سر شاہ سلیمان روڈ کا متبادل راستہ اختیار کرسکے گی۔ طارق روڈ اور شہید ملت روڈ سے جیل فلائی اوور کے ذریعے پی آئی بی کالونی جانے والی ٹریفک کو یونیورسٹی روڈ اور نیو ایم اے جناح روڈ کی طرف بھیجا جائے گا جبکہ جیل فلائی اوور کو بیریئر لگا کر بند کر دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ گارڈن نشتر روڈ سے تین ہٹی اور لسبیلہ جانے والی ٹریفک کو جماعت خانہ سگنل (البیلا) سے بہادر یار جنگ روڈ کی جانب ڈائیورٹ کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US