پمز اسپتال انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا۔
اعلامیے کے مطابق عمران خان کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب طبی معائنے اور علاج کے لیے پمز اسپتال لایا گیا جہاں شفا انٹرنیشنل اسپتال کے 2 ماہرین نے ان کے آنکھوں کا معائنہ کیا۔
پمز کے متعلقہ ماہرین نے عمران خان کے دیگر طبی معائنے بھی کیے جبکہ تمام رپورٹس اور طبی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے پمز کے میڈیکل بورڈ نے طبی فٹنس رپورٹ مکمل کی۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریض کی رازداری اور سپریم کورٹ کی ہدایات کے پیش نظر طبی رپورٹ کے خفیہ مندرجات ظاہر نہیں کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے تین روز قبل عمران خان کا مکمل طبی معائنہ کرانے کا حکم دیا تھا۔ بعد ازاں انہیں پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں معائنے کے بعد رات گئے دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔