مون سون بارشیں اور سیلاب، وزیراعظم کا متاثرہ خاندانوں کی مالی مدد کا حکم

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں اور بحالی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے لواحقین کی مالی مدد کی جائے۔

وزیراعظم نے بارشوں اور سیلاب سے مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہونے والے مکانات کے مالکان کو بھی مالی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل کے نظام اور سڑکوں کی بحالی کا کام جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا۔

شہباز شریف نے متعلقہ وفاقی وزراء اور سیکریٹریز کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا خود جائزہ لینے اور بحالی کا کام فوری شروع کروانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے اور ان علاقوں میں اشیائے خورونوش سمیت دیگر ضروری امدادی سامان فوری پہنچانے کا بھی حکم دیا جہاں رسائی میں مشکلات کے باعث تاحال امداد نہیں پہنچ سکی۔

وزیراعظم نے آئندہ بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک کے تمام متاثرہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے، جبکہ مزید بارشوں اور سیلاب کے خدشے کے پیش نظر این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی ٹیمیں عوام کی مدد کے لیے تیار ہیں۔

بریفنگ کے مطابق ملک بھر میں مون سون بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں اب تک مجموعی طور پر 615 ٹن امدادی سامان پہنچایا جاچکا ہے اور مزید امدادی سامان کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

شمالی علاقوں میں ارلی وارننگ سسٹم فعال ہیں، جن کی مدد سے سیلاب آنے سے قبل متعدد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، شزا فاطمہ خواجہ، معین وٹو، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، سردار اویس لغاری، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹریز، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US