پرائیویٹ حج اسکیم 2027ء، واجبات کی وصولی شروع، ادائیگی صرف پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے ہوگی

image

پرائیویٹ حج اسکیم 2027ء کے لیے عازمین حج سے واجبات کی وصولی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ وزارت مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ پرائیویٹ حج اسکیم کی بکنگ، حج کمپنی اور پیکیج کا انتخاب سمیت تمام مالی معاملات صرف وزارت کے مجاز ڈیجیٹل پلیٹ فارم حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے مکمل کیے جائیں۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے تیار کردہ حج پورٹل اور پاک حج ایپ کے ذریعے عازمین گھر بیٹھے مجاز حج منظم کمپنی اور اپنی پسند کا حج پیکیج منتخب کر سکتے ہیں، جبکہ واجبات کی ادائیگی بھی اسی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے آن لائن کی جا سکے گی۔

ترجمان نے واضح کیا کہ کسی بھی حج منظم کمپنی کو عازمین سے براہ راست رقم وصول کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ عازمین کسی کمپنی یا فرد کو نقد رقم، چیک یا کسی غیر مجاز ذریعے سے ادائیگی نہ کریں اور تمام مالی لین دین صرف حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے مکمل کریں۔

وزارت مذہبی امور نے خبردار کیا ہے کہ غیر مجاز ایجنٹوں یا افراد کو براہ راست رقم ادا کرنے کی صورت میں ہونے والے مالی نقصان کی ذمہ داری عازمین پر ہوگی۔ وزارت نے فراڈ اور جعلسازی سے بچنے کے لیے صرف سرکاری ڈیجیٹل نظام استعمال کرنے پر زور دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج واجبات کی وصولی کا عمل وزارت مذہبی امور کی نگرانی میں شفاف انداز میں جاری ہے۔ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے عازمین کو حج کمپنی اور پیکیج کے انتخاب سے لے کر واجبات کی ادائیگی تک محفوظ اور باقاعدہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔

وزارت کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم میں پہلے سے رجسٹرڈ عازمین بھی حج پورٹل کے ذریعے مجاز حج منظم کمپنی اور مطلوبہ حج پیکیج کا انتخاب کر سکتے ہیں، جبکہ نئی رجسٹریشن کا عمل بھی حج پورٹل اور پاک حج ایپ کے ذریعے جاری ہے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2027ء کے لیے پرائیویٹ حج اسکیم کا مجموعی کوٹہ 71 ہزار 696 نشستیں مقرر کیا گیا ہے۔ وزارت نے عازمین پر زور دیا ہے کہ وہ غیر مجاز ایجنٹوں کے بجائے صرف سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارم استعمال کریں تاکہ ان کی رقم اور حج بکنگ محفوظ رہ سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US