اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو نے پاکستان کے مزید 12 تاریخی و ثقافتی مقامات کو عالمی ورثے کی عارضی فہرست میں شامل کرلیا۔
نئے شامل ہونے والے مقامات میں خیبر پختونخوا کی وادی کیلاش سمیت مختلف تاریخی مقامات شامل ہیں۔ سندھ کے کوٹ ڈیجی، ناؤکوٹ اور عمرکوٹ کے قلعے جبکہ پنجاب کے پھروالہ قلعہ، روات قلعہ اور سلطان مقرب خان کا مقبرہ بھی فہرست کا حصہ بن گئے ہیں۔
نئے مقامات کی شمولیت کے بعد یونیسکو کی عارضی فہرست میں شامل پاکستانی مقامات کی تعداد 37 ہوگئی ہے۔
یونیسکو کی عارضی فہرست میں شامل ہونا عالمی ورثے کا باقاعدہ درجہ حاصل کرنے کی جانب اہم ابتدائی قدم ہے جس سے پاکستان کے تاریخی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے، سیاحت کے فروغ اور مقامی معیشت کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔